حیدرآباد ۔28 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو نو تشکیل شدہ تلنگانہ ریاست کے گورنر کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں آج راشٹرپتی بھون میں احکامات جاری کئے گئے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے تلنگانہ میں مستقل گورنر کے انتخاب تک ای ایس ایل نرسمہن کو گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے فرائض انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ تقرر ان کے جائزہ لینے کی تاریخ سے قابل عمل ہوگا۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کو تقسیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں بل کو منظوری دی ہے اور 2 جون سے تلنگانہ اور آندھراپردیش دو علحدہ ریاستوں کے طور پر وجود میں آئیں گے۔ نو تشکیل شدہ تلنگانہ ریاست ملک کی 29 ویں ریاست ہوگی ۔ مرکزی حکومت نے 10 برسوں کیلئے حیدرآباد کو دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز نے برسر اقتدار این ڈی اے حکومت بہت جلد تلنگانہ کیلئے نئے گورنر کا تقرر کرے گی۔ ای ایس ایل نرسمہن کا تقرر یو پی اے حکومت نے کیا تھا لہذا این ڈی اے حکومت کی جانب سے گورنرس کی بڑے پیمانہ پر تبدیلی کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔