مسٹر نرسمہن وجئے واڑہ میں تقریب کے بعد حیدرآبا دآئیں گے
وجئے واڑہ 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش و تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کل 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر وجئے واڑہ اور حیدرآباد میں دو مقامات پر رسم پرچم کشائی انجام دینگے اور پریڈ کی سلامی لیں گے ۔ حکومت آندھرا پردیش نے اعلان کیا ہے کہ وجئے واڑہ شہر کے اطراف کے علاوہ کو ریاست کے دارالحکومت کے طور پر ترقی دی جائیگی ۔ تیاریوں کے بموجب کل یوم جمہوریہ پریڈ میں مختلف جھانکیاں پیش کی جائیں گی جن کے ذریعہ ریاستی حکومت کی کئی اسکیمات کو اجاگر کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ تروملا تروپتی دیواستھانم کی جھانکی بھی پیش کی جائیگی ۔ کہا گیا ہے کہ وجئے واڑہ میں کل رسم پرچم کشائی اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی ۔ پولیس کی جانب سے کل اس مقام پر یوم جمہوریہ پریڈ کی ریہرسل کی گئی تھی ۔ ریہرسل کی نگرانی ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولے جے وی راموڈو نے کی تھی ۔ مسٹر نرسمہن اور آندرھا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو امکان ہے کہ رات میں ہی وجئے واڑہ پہونچ جائیں گے ۔ کرشنا ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ مہاتماگاندھی روڈ کو پیر کی صبح عوام کیلئے بند کردیا جائیگا اور صرف مدعوئین کو اپنی گاڑیوں کے ساتھ وہاں پہونچنے کی اجازت رہے گی ۔ مسٹر نرسمہن یہاں تقریب میں شرکت کے بعد حیدرآباد روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حکومت تلنگانہ کی یوم جمہوریہ تقریب میں حصہ لیں گے ۔