ٹی آر ایس بھون میں آتشبازی ۔ مٹھائیوں کی تقسیم ۔ چیف منسٹر کے حق میں نعرہ بازی
حیدرآباد۔/23اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت مہاراشٹرا سے گوداوری کے پانی پر آج تلنگانہ حکومت کے معاہدہ کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کے ہیڈ کوارٹر میں جشن منایا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے ممبئی میں آج معاہدہ پر دستخط کئے۔ اس مرحلہ کی انجام دہی کے ساتھ ہی ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے تلنگانہ بھون میں زبردست آتشبازی کی اور جئے تلنگانہ کے نعرے بلند کئے۔ معاہدہ کی تقریب بعض ٹی وی چینلس پر لائیو پیش کی گئی اور سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس کارکنوں نے اس منظر کا مشاہدہ کیا۔ تلنگانہ بھون میں صبح سے ہی جشن کا ماحول تھا اور شہر کے مختلف علاقوں سے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہورہی تھی۔ معاہدہ پر دستخط کے ساتھ ہی بھون کے باہر آتشبازی کی گئی اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی تقسیم کی۔ جئے تلنگانہ کے علاوہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ کئی ٹی آر ایس سینئر قائدین اور گریٹر حیدرآباد کے قائدین نے جشن میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹرا سے یہ معاہدہ تاریخی نوعیت کا ہے جس سے تلنگانہ کی 30 لاکھ سے زائد ایکر اراضی کو سیراب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی کی ضرورت کی بھی تکمیل ہوگی۔پارٹی قائدین نے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاراشٹرا سے چیف منسٹر کی واپسی کے موقع پر چہارشنبہ کو شاندار استقبال کریں گے۔ اسی دوران گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے مہاراشٹرا سے طئے آبپاشی معاہدہ کو تاریخی قرار دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ایشور نے کہا کہ اس معاہدہ سے تلنگانہ میں سرسبزی و شادابی کا آغاز ہوگا اور خشک سالی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کے سی آر کی مساعی کے حصہ کے طور پر یہ اہم پیش رفت ہے۔ ایشور نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تعمیر کئے گئے آبپاشی پراجکٹس تلنگانہ کی ضرورتوں کی تکمیل سے قاصر ہیں جس کا اظہار چیف منسٹر نے اسمبلی میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ کیا ہے۔ انہوں نے معاہدہ کے خلاف کانگریس کے احتجاج کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ پارٹی کا یہ اقدام دراصل تلنگانہ کی ترقی کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو عوام سبق سکھائیں گے اور تلنگانہ سے مکمل طور پر صفایا ہوجائیگا۔ پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ اس معاہدہ سے گوداوری پر دونوں ریاستوں کو پراجکٹس کی تعمیر میں سہولت ہوگی اور تنازعات کے بغیر پراجکٹس کی تعمیر مکمل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا یہ کارنامہ ہے کہ انہوں نے پڑوسی ریاستوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے ذریعہ آبی معاہدات کئے ہیں۔ عام طور پر پانی کے مسئلہ پر ریاستوں کے درمیان طویل عرصہ سے تنازعات جاری ہیں۔ مہاراشٹرا سے جاری تنازعہ کی یکسوئی کیلئے کانگریس دور حکومت میں کوئی کوشش نہیں کی گئی جبکہ مرکز اور مہاراشٹرا میں کانگریس برسر اقتدار تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1975 میں گوداوری پر شروع کئے گئے بعض پراجکٹس تنازعات کے سبب آج تک مکمل نہیں ہوپائے۔ کانگریس کے 40سالہ اور تلگودیشم کے 17سالہ دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کیلئے جو نہیں کیا جاسکا چندر شیکھر راؤ نے دو برسوں میں کردکھایا ہے جس کیلئے ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ کیلئے سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔ تلنگانہ کے عوام کے سی آر کے مرہون منت رہیں گے۔