گوداوری میں کشتی غرقاب اور جنسی استحصال واقعات پر اجلاس

خاطیوں کو نہ بخشنے کا عزم ، چندرا بابو چیف منسٹر اے پی کا خطاب
حیدرآباد /16 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں پیش آئے مختلف واقعات سے پیدا شدہ تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے صدر مقام پر موجود وزراء کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا ۔ جس میں دریائے گوداوری میں کشتی ڈوبنے کا واقعہ پرانے شہر گنٹور میں ایک لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال واقعہ پر پولیس اسٹیشن پر عوامی برہمی کے واقعہ کے علاوہ امن و ضبط کی صورتحال پر غور و خوص کیا گیا ۔ دونوں واقعات پر حکومت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس اجلاس میں وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر کے اچن نائیڈو وزیر ٹرانسپورٹ کے وینکٹ راؤ وزیر توانائی کے علاوہ ایس کرشنا رنگاراؤ و دیگر شریک تھے ۔ گنٹور میں لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال واقعہ پر چیف منسٹر نے برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ پر فوری چیف سکریٹری ، ریاستی ڈی جی پی اور انٹلی جنس عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کرکے ضروری ہدایات دیں ۔ مزید واقعات کا اعادہ نہ ہونے کی قوی توقع کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں غیر سماجی و شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے چوکس رہنے کی بھی ہدایت دی اور امن و ضبط کی صورتحال کو بگاڑنے کی کسی بھی کوششوں کے خلاف سخت انتباہ دیا اور متاثرہ لڑکی کو مکمل امداد فراہم کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ بتایا گیا کہ پرانے شہر گنٹور میں گذشتہ شب ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ ایک نوجوان نے جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی ۔ جس پر اس نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیکن احتجاجی عوام نے پولیس اسٹیشن پہونچکر گرفتار نوجوان کو حوالہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور پتھراؤ کے ذریعہ پولیس اسٹیشن کو نقصان پہونچایا ۔ اس پتھراؤ کے نتیجہ میں چند پولیس ملازمین بھی زخمی ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہے اور صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی ۔ تاہم انسپکٹر جنرل آف پولیس گنٹور رینج ا ور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پولیس اسٹیشن پہونچکر احتجاجیوں کے گروپ میں شامل چند افراد سے بات چیت کرکے اور واضح تیقن دے کر صورتحال پر قابو پالیا اور گنٹور میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ پرانے شہر گنٹور میں پیش آئے واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے خصوصی ٹاسک فورس ٹیم تشکیل دینے کی ڈی جی پی کو چیف منسٹر نے ہدایت دی اور پولیس عہدیداروں کو قبل از وقت احتیاطی اقدامات کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔