گوتم گمبھیر کا اجازت کے بغیر جلسہ عام‘ پولیس میں شکایت درج

نئی دہلی ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پولیس نے بی جے پی کے ایسٹ دہلی لوک سبھا حلقہ کے امیدوار گوتم گمبھیر کے خلاف ایک رسمی شکایت درج کرلی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حکام سے ابتدائی اجازت حاصل کئے بغیر جنگ پورہ میں مبینہ طور پر جلسہ عام منعقد کیا۔ یہ شکایت ایسٹ دہلی کے ریٹرننگ آفیسر کے مہیش نے درج کروائی ہے کہ پولیس کو کرکٹر سے سیاستداں بننے والے گوتم گمبھیر کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے کیوں کہ انہوں نے مبینہ طور پر قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( ساوتھ ویسٹ ) چنمائے بسوالی نے کہا کہ ہم نے گوتم گمبھیر کے خلاف دفعات 28/110 کے تحت ابتدائی کارروائی شروع کی ہے ۔ گمبھیر نے 25 اپریل کو جنگ پورہ میں جلسہ عام منعقد کرنے کے لیے اجازت حاصل نہیں کی تھی ۔ تاہم دہلی بی جے پی کے ترجمان ہریش کھرانا سے دعویٰ کیا کہ گوتم گمبھیر کے جلسہ کے لیے اجازت حاصل کی گئی تھی ۔ پارٹی کا لیگل ڈپارٹمنٹ اس معاملہ سے نمٹے گا ۔ بی جے پی نے گوتم گمبھیر کو عام آدمی پارٹی کے آتشی کے خلاف امیدوار کھڑا کیا ہے جب کہ کانگریس لیڈر ارویندر سنگھ بھی مقابلہ کررہے ہیں ۔