دونوں ریاستوں کے درمیان یادداشت مفاہمت ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد ۔ /5 جولائی (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر نے ملک کے اسٹارٹ اپ کیلئے حیدرآباد کو صدر مقام قرار دیتے ہوئے گوا میں آئی ٹی کی ترقی کیلئے مکمل تعاون کرنے کا گوا کے وزیر آئی ٹی روہن کونٹے کو تیقن دیا واضح رہے کہ گوا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے معاملے میں ریاست تلنگانہ اور گوا کے درمیان معاہدہ ہوا ہے ۔ گوا کے وزیر آئی ٹی روہن کونٹے نے آج حیدرآباد میں گرانڈ کاکتیہ ہوٹل میں ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی سے ملاقات کی اور گوا میں آئی ٹی کی ترقی میں تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ گوا کے وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ گوا میں آئی ٹی انڈسٹری کا آغاز ہورہا ہے ۔ پہلے مرحلے میں اسٹارٹ اپ اور انوویشن شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ان شعبوں میں ریاست تلنگانہ کی ترقی قابل ستائش ہے ۔ گوا اس کا جائزہ لے رہا ہے ۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کی مختصر عرصے میں ترقی بالخصوص آئی ٹی سیکٹر میں ترقی ناقابل فراموش ہے ۔ حکومت تلنگانہ کے ای گورننس ، انوویشن ، ڈیجیٹل لٹریسی شعبوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے حکومت کی آئی ٹی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹی حب ، ٹاسک ، ٹی ورکس جیسے منفرد پروگرامس کے تحت تین سال میں جو ترقی کی گئی ہے اس کی تفصیلات پیش کی ۔ گزشتہ 20 سال کے دوران آئی ٹی کی جو پالیسی تھی اس میں کئی نئی ترمیمات سے بھی گوا کے وزیر کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو سافٹ ویر حب میں تبدیل کیا گیا ۔ تین سال قبل صرف سینکڑوں اسٹارٹ اپ تھے ۔ آج اس کی تعداد 3000 سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ شہر حیدرآباد ملک کے اسٹارٹ اپ کے صدر مقام میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے آئی ٹی ایکوسسٹم سے مکمل تعاون کیا گیا ۔ شہر میں اہم تعلیمی اداروں ، صنعتوں کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ٹی حب تیار کیا گیا ۔ ساتھ ہی ٹاسک اور ٹی ورکس پر بھی کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب ٹی فائیبر کے ذریعہ گھر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گوا حکومت کی جانب سے ابھی تک پنچایت تک بھارت نیٹ کے ذریعہ انٹرنیٹ دیا جارہا ہے ۔ ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے گاؤں گاؤں ، گھر گھر انٹرنیٹ سربراہ کرنے پر غور کرنے کا گوا کے وزیر کو مشورہ دیا ۔ تلنگانہ کی جانب سے اس معاملے میں گوا کی ہر ممکن مدد کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر سکریٹری تلنگانہ آئی ٹی جیش رنجن کے علاوہ دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے ۔