گوا ریاستی بی جے پی کی جانب سے وزیر دفاع منوہر پاریکر کااستقبال

پنجی، 02 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی گوا ریاستی یونٹ چار اکتوبر کو یہاں ایک پروگرام میں وزیر دفاع منوہر پاریکر کا استقبال کرے گی۔گوا بی جے پی صدر ونے تندولکر نے ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر پاریکر چار اکتوبر کو گوا آ رہے ہیں اور ہم نے اسی دن ایک پروگرام منعقد کیا ہے جس میں پارٹی کی طرف سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔مسٹر تندولکر نے کہا کہ اس دن تمام 40 اسمبلی حلقوں کے کارکن ایک موٹر سائیکل ریلی نکالیں گے ، جس میں کم از کم نو ہزار موٹرسائکلیں ریلی میں شامل ہوں گی۔ اس سے پہلے ہوائی اڈے پرمارماگاؤ کے لوگ مسٹر پاریکر کا استقبال کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ سرجیکل آپریشن کے بارے میں صرف چار لوگ ہی جانتے تھے اور مسٹر پاریکر ان میں سے ایک تھے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پروگرام میں کوئی اور مرکزی وزیر بھی شامل ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ پروگرام کے سلسلے میں آج ہی فیصلہ کیاگیا ہے اور ہم ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں گے اور ان سے اس میں شامل ہونے کی درخواست کریں گے ۔