واشنگٹن ۔ 20ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر بارک اوباما نے امریکہ کانگریس پر زور دیا ہے کہ شدید تنقیدوں کا نشانہ بننے والے کیوبا کے گوانتاناموبے میں واقع امریکی حراستی مرکز کو بند کرنے کیلئے وہ ان ( اوباما ) کے انتظامیہ کے ساتھ کام کرے ۔ مسٹر اوباما نے مدلل بحث کرتے ہوئے اصرار کیا کہ اس رسوائے زمانہ قیدخانہ کا جاری و برقرار رہنا امریکی مفادات کے حق میں نہیںہے۔ امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ’’گوانتانامو حراستی مرکز میں مسلسل جاری سرگرمیوں سے ہماری قومی سلامتی پامال ہورہی ہے ۔ ہمیں اس ( قیدخانہ ) کو بند کرنا ہوگا ۔ میں دونوں جانب ( جماعتوں ) کے ارکان پر زر دیتا ہوں کہ وہ امریکی تاریخ کے اس باب کو بند کرنے کیلئے ہمارے ساتھ کام کریں ‘‘ ۔ واضح رہے کہ صدر اوباما نے گوانتاناموبے قید خانہ کو بند کرنے ماضی میں بھی کئی مرتبہ پرزور اپیل کی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جیسا کہ میں بارہا مرتبہ کہہ چکا ہوں اس حراستی مرکز کی سرگرمیاں جاری رہنے سے وسائل کے بے دریغ بہاؤ کے سبب ہماری قومی سلامتی کمزور ہورہی ہے ۔ ہمارے کلیدی حلیفوں اور ساجھیداروں کے ساتھ تعلقات متاثر ہورہے ہیں اور انتہاپسندوں کو حوصلہ مل رہا ہے ۔ اس حراستی مرکز کو بند کرنا ایک ناگزیر قومی تقاضہ ہے ‘‘۔