گوئٹے مالا میں عدالت کا تاریخی فیصلہ

گوئٹے مالا سٹی۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) گوئٹے مالا کی عدالت نے اپنے تاریخی فیصلے میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر اور پیراملٹری فورس کے ایک سابق عہدیدار کو بالترتیب 120 اور 240برس کی سزائے قید سنا دی ہے۔ ان پر ملکی خانہ جنگی کے دوران مقامی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے علاوہ قتل اور جنسی غلامی کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ اس وسطی امریکی ملک میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا مقدمہ ہے، جس میں 1960 ء سے 1996 ء تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے ہزارہا متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جی ٹوئنٹی کی عالمی اقتصادی ترقی میں بہتری کی کوشش
بیجنگ۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی بیس بڑی معیشتوں کا گروپ جی ٹوئنٹی عالمی اقتصادیات میں بہتری کیلئے بھرپور کوشش کرے گا۔ شنگھائی میں جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان اس حوالے سے ایک میٹنگ میں ایک پالیسی مسودے پر متفق ہو گئے۔ اس مسودے میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی بحالی کا عمل جاری ہے لیکن اس میں تسلسل کی کمی ہے، جسے پائیدار اور مستحکم بنانے کیلئے اضافی کوششوں کی ضرورت ہے۔