گنیش وسرجن کے بعد صفائی پر خاص توجہ

7 ہزار 300 میٹرک ٹن کچرے کی نکاسی ‘ کمشنر بلدیہ دانا کشور
حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) گنیش وسرجن کے بعد دونوں شہروں سے 7ہزار 300میٹرک ٹن کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی اور حسین ساگر کی صفائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی تفصیلات کے مطابق شہر میں گنیش وسرجن کے اختتام کے بعد اب تک حسین ساگر کی صفائی کا سلسلہ جاری ہے اور مورتیوں کی باقیات نکالی جا رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات اور جلوس کی گذرگاہوں سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے 7ہزار 300میٹرک ٹن کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور کے مطابق جی ایچ ایم سی نے جلوس کے دوران بھی نم اور سوکھے کچہرے کو علحدہ رکھنے کی کوشش کی اور کچہرے کی نکاسی کے ساتھ تالابوں کی صفائی پر توجہ مرکوز کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں تالابوں کو آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے گا۔انہو ںنے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں تعمیر کئے گئے 25 عارضی تالابوں میں جہاں وسرجن مکمل ہوچکا ہے مورتیوں کی باقیات کو ہٹا لیا گیا ۔ حسین ساگر میں 24 ستمبر کی شام تک وسرجن کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب یہاں اور سرورنگر تالاب کی صفائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تالاب سے ممکنہ حد تک مورتیوں کی باقیات کو نکالا جائے ۔ انہوں نے بتایاکہ گنیش جلوس اور اس کے فوری بعد کچہرے کی نکاسی کیلئے 8ہزار 600 صفائی عملہ کو تعینات کیا گیا تھا اور اس دوران 3000 سے زائد عارضی ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی دانا کشور نے بتایا کہ حسین ساگر اور سرور نگر تالاب کی صفائی ماہر غوطہ خوروں کی نگرانی میں دو تا تین یوم جاری رہیگی ۔