حیدرآباد۔7ستمبر ( سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گنیش وسرجن جلوس کی گزرگاہوں پر خصوصی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ بلدی عہدیداروں نے جلوس گزرنے کے تمام راستوں کے علاوہ حسین ساگر کے اطراف و اکناف میں 49.05 لاکھ کی لاگت سے ایک کروڑ 30لاکھ 18ہزار 20بلب نصب کئے ہیں ۔علاوہ ازیں 227.85کلومیٹر طویل جلوس کی گزرگاہوں پر موجود برقی کھمبوں کی درستگی کے علاوہ ان کی پینٹنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔ بلدیہ کی جانب سے 18ایمرجنسی اسکواڈ کو مامور کیا گیا ہے جو ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اہل ہوں گے ۔ علاوہ ازیں ہر 3تا 4کلومیٹر پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی گنیش ایکشن ٹیم تعینات رہے گی جس میں 399 بلدی ملازمین کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ اس طرح کی جملہ 131ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ جلوس گزرنے کے راستوں پر موجود 3595 برقی کھمبوں کو رنگ و روغن کیا گیا ہے ۔ جلوس کے سلسلہ میں 60.82 لاکھ کے اخراجات کے ذریعہ برقی کاموں کی تکمیل انجام دی گئی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گنیش وسرجن جلوس کی گزرگاہوں کو بہتر بنانے کے علاوہ وسرجن کی عاجلانہ تکمیل کیلئے جملہ 11کروڑ 49لاکھ 12ہزار روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ شہر میں 8ستمبر کو نکالے جالے والے گنیش وسرجن جلوس میں مختلف مقامات پر عوام کی سہولت کیلئے بلدیہ کی جانب سے موبائیل بیت الخلاء بھی لگائے جائیں گے ۔ 113 گزرگاہوں پر جملہ 10.31 کروڑ کی لاگت سے سڑکوں پر موجود گڑھوں کو دست کرنے کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کئے گئے ۔