گنیش تہوار کیلئے پولیس کے وسیع تر سکیوریٹی انتظامات

حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) شہر میں گنیش تہوار کے سلسلہ میں پولیس کے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ سٹی پولیس کی تمام فورس کے علاوہ زائد پولیس فورس کو شہر طلب کرلیا گیا ہے اور تہوار کے دوران شہر پولیس کمشنر کے اچانک دورے جاری رہیں گے ۔ اس کے علاوہ خصوصی بندوبست اور تلاشی مہم کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس خصوص میں سرغنہ اور شرپسند افراد، روڈی شیٹر ،مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھی پابند کیا جارہا ہے ۔ شہر کے تمام زونس کے حساس علاقوں اور انتہائی حساس علاقوں کو پولیس نے عملاً اپنی گرفت میں لے لیا ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس نے آج سکندرآباد کے علاقہ سے وابستہ تقریبا 50 روڈی شیٹرس کو طلب کرتے ہوئے انہیں کسی غیر سماجی حرکت اور خاص طور پر گنیش تہوار کے دوران امن کو بگاڑنے کی کسی بھی حرکت کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور انہیں سخت گیر نتائج کے اشارے دیتے ہوئے پابند کردیا ۔ ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر سروا سریش ترپاٹھی زون کے اعلی پولیس عہدیداروں سے مسلسل رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ اس دوران سٹی پولیس کمشنر نے اپنے جاری کردہ بیان میں زائد پولیس کی تفصیلات پیش جو پڑوسی اضلاع سے طلب کی جارہی ہیں اس کے علاوہ مرکزی نیم فوجی دستوں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ سٹی پولیس فورس کے علاوہ 30 پلاٹونس، سی آر پی ایف کی دو کمپنیاں ،4 ڈی ایس پی ،7 سی آئی ،87 ایس آئی ،118 اے ایس آئی،316 کانسٹیبل،78 ہوم گارڈز ،31 خاتون ہوم گارڈز نے تاحال اپنی رپورٹ پیش کردی۔