گنگا کو 50 سال میں بھی صاف نہیں کیا جاسکتا : جوشی

وارانسی ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپنی پارٹی زیرقیادت حکومت کے پُرعزم ’نمامی گنگا‘ پروگرام سے مختلف موقف اختیار کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی نے آج کہا کہ گنگا کو تو اس طرح اگلے 50 سال میں بھی صاف نہیں کیا جاسکتا، جس طرح اس دریا کی صفائی کا پراجکٹ آگے بڑھایا جارہا ہے۔ ’کلین گنگا پراجکٹ‘ پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے جوشی نے کہا کہ گنگا کی صفائی شرمندۂ تعبیر نہ ہونے والا خواب ہی رہے گا تاوقتیکہ اس دریا میں بلاروک ٹوک (گندے ) پانی کا بہاؤ ہوتا رہے۔ دریں اثناء جئے پور کی اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے عملاً سینئر پارٹی لیڈر کے تبصرے کے جواب میں کہا کہ ’نمامی گنگا‘ پروگرام کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے وہ اُن کی رائے حاصل کریں گی اور ادعا کیا کہ اسے دو سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔ بھارتی نے کہا، ’’وہ (جوشی) ہمارے سینئر لیڈر ہیں۔ میں اُن سے ملاقات کرکے ( اس پراجکٹ میں) اگر کوئی خامیاں ہوں تو انھیں دور کرنے کیلئے اُن کی رہنمائی حاصل کروں گی‘‘۔