حیدرآباد 3 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی مہاناڈو کے انعقاد پر جاری مخالفتوں کے باوجود بالآخر تلگو دیشم پارٹی نے 27تا 29 مئی سہ روزہ مہاناڈو کا گنڈی پیٹ میں انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا اور باقاعدہ طور پر اس کا پارٹی پولیٹ بیورو اجلاس کے فوری بعد اعلان بھی کردیا گیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے برسر اقتدار آنے اور آندھرا پردیش ریاست میں تلگودیشم پارٹی کے برسر اقتدار آنے کی روشنی میں خود تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں تلگودیشم پارٹی کے سہ روزہ تلگودیشم مہا ناڈو پروگرام کے انعقاد کی سختی سے مخالفت کی گئی تھی لیکن تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کے دباو میں آکر بالآخر شہر حیدرآباد میں ہی تلگودیشم پارٹی مہاناڈو پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کرنے پر پارٹی قیادت مجبور ہوگئی ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی اپنے سہ روزہ مہاناڈو تک تمام کمیٹیوں کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا اور مہا ناڈو سے قبل کرناٹک ٹاملناڈو ‘پانڈیچری میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کو مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ نیپال زلزلہ کے متاثرین کیلئے تلگودیشم پارٹی کی جانب سے 5 کروڑ روپئے عطیہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔