گنٹور میں آج اقلیتی کنونشن ، دینی مدارس کیلئے اہم اعلانات متوقع

بڑے پیمانے پر انتظامات ، ایک لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ، چندرا بابو نائیڈو اور دیگر خطاب کریں گے
حیدرآباد ۔ 27 اگست ( سیاست نیوز) ریاستی تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش کے زیراہتمام گنٹور ٹاؤن میں واقع کاسو برہما نندا ریڈی اسٹیڈیم گراؤنڈ پر ریاستی سطح کا ’’ اقلیتی کنونشن ‘‘ 28اگست کو سہ پہر تین بجے منعقد ہوگا ۔ توقع کی جاتی ہیکہ آندھراپردیش کے تمام 13اضلاع سے زائد از ایک لاکھ اقلیتیں اس اقلیتی کنونشن میں شرکت کریں گے ۔ سابق رکن اسمبلی و موجودہ صدرنشین اے پی اقلیتی کمیشن مسٹر ایس ایم ضیاء الدین کے مطابق ریاستی سطح کے اقلیتی کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کنونشن سے قومی صدر تلگودیشم و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ وزیرآبپاشی مسٹر اوما مہیشور راؤ ‘ وزیر سیول سپلائیز مسٹر پی پلا راؤ ‘ ریاستی وزیر مسٹر این آنند بابو ‘ صدر اے پی اردو اکیڈیمی مسٹر محمد نعمان ‘ صدرنشین اے پی حج کمیٹی مسٹر سید احمد حسین ‘ صدرنشین اے پی اسٹیٹ میناریٹی فینانس کارپوریشن مسٹر سید ہدایت ‘ صدرنشین اے پی اسٹیٹ وقف بورڈ مسٹر محمد جلیل خان ‘ ارکان پارلیمان ‘ ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ پارٹی ریاستی اقلیتی سیل صدر ‘ اضلاع کے تلگودیشم اسمبلی صدور وغیرہ بھی شرکت کریں گے ۔ اس دوران قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم گورنمنٹ وہپ جناب محمد احمد شریف نے بتایا کہ اقلیتی کنونشن کا اہم مقصد گذشتہ چار سال کے دوران ریاست اے پی میں اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے واقف کروانا ہے اور آئندہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں سے متعلق روبہ عمل لائے جانے والے مختلف فلاح و بہبودی پروگراموں سے واقف کروایا جائے گا ۔ گذشتہ چار سال کے دوران ریاست میں اقلیتوںکی فلاح و بہبود کیلئے تلگودیشم حکومت نے جملہ 2300 کروڑ روپئے خرچ کئے ‘ بالخصوص ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختص کردہ بجٹ کے منجملہ تقریباً 75 فیصد رقومات خرچ کئے گئے ۔ دلہن اسکیم کے تحت 28000 غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے جملہ 145کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ۔ مساجد اور شادی خانوں کی تعمیر کیلئے 200کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ ریاست میں 5000مساجد کے ائمہ و موذنین کیلئے فی امام 5000 ہزار روپئے اور فی موذن کو تین ہزار روپئے ماہانہ مالی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ اقلیتی مالیتی کارپوریشن کو بھی 250کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ۔ ان رقومات سے 50فیصد سبسیڈی کی فراہمی کے ذریعہ اقلیتی بیروزگار افراد کو قرضہ جات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں جناب احمد شریف نے بتایا کہ اے پی میں جملہ 550 دینی مدارس ہیں اور ان مدارس میں زیر تعلیم طلبہ وغیرہ کو فی کس دو جوڑے ملبوسات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو دینی مدارس میں فارغ التحصیل حفاظ کو برج اسکولس میں تعلیمی سہولتیں فراہم کر کے انہیں 8ویں جماعت کامیاب کا سرٹیفیکٹ عطا کرنے ‘ عالم کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو برج کورس کرواتے ہوئے انہیںدسویں جماعت کامیاب ہونے کا سرٹیفیکٹ فراہم کرے اور مفتی کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو برج کورس مکمل کرواکر انہیں انٹر کامیاب کے مماثل کا صداقت نامہ فراہم کر کے انہیں مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق اپنے منصوبوں کا چندرا بابو نائیڈو اس کنونشن سے خطاب کرنے کے دوران اعلان کرنے کی قوی توقع ہے ۔