برطانوی اخبار کا دعویٰ ، کہانی من گھڑت ہے : بیٹی عائشہ
کوالالمپور ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشین ایئر لائینز کے لاپتہ طیارے کے پائلٹ کی بیٹی نے ایک برطانوی اخبار پر اپنے والد سے متعلق ایک من گھڑت رپورٹ شائع کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔’دی ڈیلی میل‘ کی ایک رپورٹ میں پائلٹ ظاہری احمد کی بیٹی عائشہ ظاہری کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’ پائلٹ ظاہری کی ذہنی صحت کی صورتحال طیارے کی پرواز سے پہلے غیر مستحکم تھی ‘‘۔ اس پر عائشہ ظاہری نے کہا ہے کہ اخبار کی یہ رپورٹ فسق ہے اور انہوں نے گزشتہ روز اتوار کو اپنے فیس بُک پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’’ برطانوی اخبار ’ دی ڈیلی میل‘ اس قسم کی من گھڑت کہانیاں تیار کرنے میں مہارت رکھتا ہے اور اسے فلمسازی شروع کر دینی چاہیے‘‘۔ اخبار میں چھپنے والی اطلاعات کے مطابق پائلٹ ظاہری کی ازدواجی زندگی انتشار کا شکار تھی اور وہ اپنی اہلیہ کو طلاق دینے والے تھے۔ اس کے سبب 53 سالہ ظاہری احمد شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار تھے، جس کا ذکر اْن کی بیٹی عائشہ نے کیا تھا۔ دریں اثناء ملائیشیا کی پولیس کیپٹن ظاہری اور ’ کو پائلٹ‘ فاروق کے گھر والوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ملائیشین ایئر لائینز کی پرواز MH370 آٹھ مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے راڈار سے غائب ہو گئی تھی جس کی پُر اسرار گمشدگی تین ہفتے سے بین الاقوامی میڈیا کی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔