ممبئی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج کہا ہیکہ ان کا یہ دیرینہ خواب ہیکہ گلمرگ کو ہندوستان کا ڈاوس بنایا جائے جہاں پر ملک کے سرکردہ صنعتکار اور پالیسی ساز اپنا سالانہ اجلاس منعقد کرسکیں۔ انہوں نے آج ٹور اینڈ ٹراویل آپریٹرس کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلمرگ دنیا کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے اور یہاں پر جدید ترین کیبل کار اور بہترین سہولیات سے آراستہ ہوٹلیں اور سیروتفریح کیلئے سازگار ماحول ہے اور اس مقام کو ہندوستان کے ڈاوس کی طرح ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ سوئزرلینڈ میں واقع ڈاوس شہر میں ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ منعقد ہوتا ہے۔ اس شہر کا گلمرگ سے تقابل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وادی میں خوبصورت اور کشادہ ریسورٹس پائے جاتے ہیں جہاں پر بزنس اور پالیسی میکرس کا اجلاس منعقد کیا جاسکتا ہے۔
جموں و کشمیر کو ملک کا سرفہرست سیاحتی مقام بنانے کے منصوبہ کا انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشتبہ تبدیلیوں اور خوف و اندیشوں کو دور کرنے کیلئے ہر ایک کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ٹور آپریٹرس کو جموں و کشمیر کی سیاحت کیلئے شہہ رگ قرار دیتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ یہاں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 60 اور 80 کے عشرہ میں یہاں پر فلموں کی شوٹنگ بھی ہوا کرتی تھی اور قدرتی مناظر سے لطف اندواز ہونے کیلئے سیاحوں کا ہجوم دیکھا جاتا تھا اور ہر سال ویشودیوی کی یاترا کیلئے ہزاروں افراد یہاں آتے تھے لیکن شورش کی وجہ سے یہ سرگرمیاں ماند پڑ گئی جس کا احیاء کرنے کی ضرورت ہے۔