گلف آئیل کمپنی میں دھماکہ ۔ 2 افراد ہلاک 13 زخمی

حیدرآباد۔23فبروری ( سیاست نیوز) شہر کے صنعتی علاقہ بالا نگر میں آج گلف آئیل کمپنی میں ہوئے خطرناک دھماکہ سے دو افراد ہلاک اور تقریباً 13 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ آئی ڈی ایل کمپنی میں ری ۔ایکٹر کے قریب پیش آیا جس کے سبب دو ملازمین سرینواس اور امر ہلاک ہوگئے ‘ دھماکہ کے فوری بعد آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں آکر 10افراد شدید جھلس گئے ۔ کمپنی میں دھماکہ اور آگ سے سارے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ کمپنی کے دیگر ملازمین نے فوری طور پر آتش فرو عملہ کو طلب کرلیا تھا اور کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اطلاع پاکر ریاستی وزیر داخلہ و لیبر تلنگانہ اسٹیٹ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کمپنی کا دورہ کیا اور زخمیوں کے تعلق سے تفصیلات حاصل کی ۔ وزیر داخلہ نے اس دھماکہ سے شدید برہم ہوگئے اور کمپنی انتظامیہ کی لاپرواہی پر غصہ کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ آئی ڈی ایل کمپنی کے زخمی ملازمین کو فوری ایک کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ان زخمیوں کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کی ڈاکٹرس کو ہدایت بھی دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ آئی ڈی ایل کمپنی جو مکمل طور پر مرکزی زیر انتظام ادارہ ہے ۔ اس کمپنی میں سابق میں بھی اس طرح کا دھماکہ پیش آیا تھا جس میں دو افراد ہلاک ہوگئے اور آج جو دھماکہ پیش آیا سابق اور آج کے دھماکہ میں یکسانیت پائی جاتی ہے اور وہ دھماکہ بھی ری ایکٹر کے قریب پیش آیا ۔ اس دھماکہ میں 24سالہ سریندر ریڈی ‘ 50سالہ عبدالسلام ‘59سالہ کرشنا سوامی ‘ 30سالہ پرشوتم ‘ 28سالہ لکشمن ‘35سالہ راجو ‘48سالہ ملیش ‘ 50سالہ متیال راؤ ‘40سالہ راملو اور 25سالہ پرکاش شامل ہیں ۔ یہ کمپنی سینکڑوں ایکڑ اراضی پر محیط ہے اوریہ بڑی آئیل کمپنی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت اور کسی ریاستی ادارے کو اس کمپنی کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے اور مکمل انتظامات مرکز کے ہیں ۔ وزیر داخلہ و لیبر مسٹر نرسمہا ریڈی نے جو سابق میں اس کمپنی کی یونین کے صدر رہ چکے ‘ کمپنی میں مزدوروں کی ہلاکت پر برہمی کا اظہار کیا ۔ آئی ڈی ایل کمپنی میں دھماکہ کی اطلاع پاکر سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے بھی کمپنی پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور زخمیوں کے تعلق سے دریافت کیا ‘ دھماکہ کی وجوہات اور حالات کا پولیس جائزہ لے رہی ہے ۔