گری راج سنگھ کی مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی

پولیس اور الیکشن کمیشن سخت کارروائی کرے ، محمد فاروق حسین کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے بی جے پی کے قائد گری راج سنگھ کی مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز ریمارک کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا پولیس اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ بی جے پی پر قبضہ کرتے ہوئے این ڈی اے کو یرغمال بنانے والے نریندر مودی اور ان کے حواری اب تک ملک بھر میں ہوئی رائے دہی سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ سیکولر نظریات رکھنے والی کانگریس پارٹی کا مظاہرہ چونکا دینے والا رہا ہے ۔ اس لیے بی جے پی اپنی اصلیت پر آگئی ہے ۔ گری راج سنگھ جیسے آلہ کاروں کو استعمال کررہی ہے ۔ مودی کی تائید نہ کرنے پر مسلمانوں کو پاکستان بھیج دینے کا انتباہ دیا جارہا ہے اس کے سوائے بی جے پی کر بھی کیا کرسکتی ہے ۔ مگر ملک کے مسلمان اس سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے بلکہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے نریندر مودی کے خواب چکنا چور کردیں گے ۔ انہوں نے پولیس اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کریں ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے تلنگانہ کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ دینے سے قبل حالت کا جائزہ لیں تلگو دیشم اور بی جے پی کے بعد فرقہ پرستی بڑھ جانے کا خطرہ ہے ۔ تلگو دیشم کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کو تقویت پہونچائے گا کیوں کہ تلگو دیشم اور بی جے پی ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے کی کوشش کررہے ہیں اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے کانگریس کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر زور دیا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی ہی تلنگانہ کو ترقی دے سکتی ہے ۔۔