نوئیڈا ؍ لکھنؤ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گریٹر نوئیڈا میں یمنا اکسپریس وے پر آج صبح ایک خانگی بس نے ٹینکر کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 8 مسافرین جن میں ایک بچہ اور دو خواتین بھی شامل ہیں، ہلاک ہونے کے علاوہ 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے اِس حادثہ کی اطلاع دینے کے علاوہ کہا ہے کہ یہ بس اترپردیش کے ضلع جالون سے دہلی جارہی تھی اور یہ حادثہ صبح 5 بجے ربوپورہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے اِس حادثہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ جبکہ گوتم بدھا نگر کے اعلیٰ عہدیداروں جن میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بی این سنگھ اور پولیس کی وائیبھو کرشنا نے بھی فوری طور پر دواخانہ کا رُخ کیا تاکہ وہ متاثرین سے ملاقات کرسکیں۔ پولیس سرکل آفیسر شرد چندرا شرما نے کہاکہ بس اُسی سمت میں کسی قدر سست رفتار سے چلنے والی ٹینکر کو ٹکر دے دی جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔