گریٹر حیدرآباد کے مسافروں کی سہولت کیلئے آر ٹی سی بسوں میں اضافہ

میٹرو اسٹیشنوں سے بھی بسوں کو مربوط کرنے پر غور، ایگزیکٹیو ڈائرکٹر پرشوتم کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد شہر میں مسافروں کو بسوں کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نئے سال کے دوران ماہ جون 2018 ء تک 185 نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ علاوہ ازیں بسوں میں سفر کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد ایکزیکٹیو ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر پرشوتم نائیک نے یہ بات بتائی اور کہاکہ میٹرو ریل کی سہولتیں مکمل طور پر دستیاب رہنے کے بعد میٹرو ریلوے اسٹیشنوں کو مربوط کرکے چلائی جانے والی بسوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہاکہ حکومت کے نئے بس روٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے منصوبہ جات مرتب کئے جارہے ہیں۔ ایکزیکٹیو ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی گریٹر حیدرآباد ریجن نے کہاکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بنائی جانے والی نئی کالونیوں کو بھی زاید بسیں چلائی جائیں گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ عہدیداروں و اسٹاف کے تعاون سے گریٹر حیدرآباد ٹی ایس آر ٹی سی ریجن کو ہونے والے نقصانات میں کمی کرکے جب کا تب اقدامات کرتے ہوئے ٹی ایس آر ٹی سی کی ترقی کے لئے پہل کی جارہی ہے۔