بروقت صفائی پر توجہ ، کمشنر بلدیہ کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/7 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گریٹر کے حدود میں خاص کر 2000 کلو میٹر سڑکوں پر دونوں جانب فٹ پاتھس تعمیر کئے جائیں گے اور ان سڑکوں پر کہیں پر بھی گڑھے نہیں ہوں گے ،اور سڑکوں پر صفائی سے متعلق باقاعدہ سخت نگرانی کی جائے گی، اور گھروں کی تعمیر سے ہونے والے کچرے وغیرہ کو سڑکوں سے پوری طرح ہٹایا جائے ۔ اس بات کی ہدایت کمشنر بلدیہ دانا کشور نے بلدی اور میٹرو واٹر بورڈ افسران کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں صفائی اور کھلے مین ہولس کے معاملہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دانا کشور نے کہاکہ دو ماہ کے اندر 2000 کلو میٹر سڑکوں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان سڑکوں پر گڑھے ،کچرا، تعمیراتی کاموں سے ہونے والے کچرے اور کنکریٹ وغیرہ کی مکمل صفائی کی جائے۔ واضح رہے کہ شہر میں 985 کلو میٹر تین لائن اور چھ لائنوں پر مشتمل سڑکیں ہیں اور ان کے علاوہ بسیں گزرنے والی بڑی سڑکوں کی صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ساتھ ہی سڑکوں پر کچرا اور تعمیراتی بے کار سامان پتھر، مٹی وغیرہ ڈالنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ لہذا اس معاملہ میں عوام کے اندر شعور بیداری پیدا کی جائے گی اور ان سڑکوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے ریسکیو ٹیموں کے پاس موجود گاڑیوں کے علاوہ میٹرو واٹر بورڈ کے پاس موجود 44 گاڑیوں کو استعمال کیا جائے۔ کمشنر دانا کشور نے بتایا کہ مقررہ اوقات اور اصول و ضوابط کے مطابق کاموں کی عدم تکمیل و عدم تعمیر کی صورت میں گتہ داروں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ جبکہ بلدیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وقت مقررہ میں کاموں کی تکمیل نہ کرنے والے گتہ داروں پر 35 لاکھ کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں اور انتخابات کی وجہ سے بلدیہ کی جانب سے انجام دیئے جانے والے آپریشن مینٹننس پر انتخابی اصول و ضوابط کا اطلاق نہیں ہوگا۔