تالابوں کی اراضیات پر قبضوں سے متعلق رپورٹ کی طلبی ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر کا اچانک دورہ
حیدرآباد ۔ 3اپریل ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع تالابوں کی حفاظت کیلئے خصوصی حکمت عملی کا اعلان کیا ۔ تالابوں کی اراضیات پر ناجائز قبضوں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کل ہی حکومت کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی آر ڈی او کو ہدایت دی ۔ کے ٹی آر نے آج راجندر نگر کے ینکنم پور تالاب کا اچانک دورہ کیا اور ساتھ ہی ابراہیم باغ تالاب کا جائزہ لے کر عوام سے ملاقات کی ۔ عوام نے تالابوں کے تحفظ اور ترقیاتی کاموں کے تعلق سے کے ٹی آر کو تجاوز پیش کئے ۔ کے ٹی آر نے ہر تالاب کے تحفظ اور ترقی کیلئے تین مرحلوں میں کام کرنے کا اعلان کیا ۔ تالابوں میں گندہ اور آلودہ پانی بہنے سے روکنے اقدامات ‘ تالابوں کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے اور ان تالابوں کو منی ٹینک بنڈ کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی تالابوں کی اراضیات کو ناجائز قبضوں سے بچانے فینسنگ کا بھی اعلان کیا ۔ریاستی وزیر نے کہا کہ آج تالابوں کی حفاظت کرنا مستقبل میں نوجوان نسل کو بہت بڑا تحفہ دینے کے مماثل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے تالابوں کے احیاء اور اسکے تحفظ پر سروے کیا گیا ہے جن کی سفارشات پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں آبادی کے تناسب میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ ایسی صورت میں تالابوں کا تحفظ ضروری ہوگیا ہے ۔ شہر اور اطراف میں سینکڑوں تالاب ہیں مگر افسوس ہے کہ کئی تالابوں پر قبضہ ہوگیا یا کئی تالاب گندہ پانی میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ سابق حکمرانوں نے تالابوں کو یکسر نظرانداز کیا ہے ۔ مضافات کے گرام پنچایتوں میں موجود تالابوں کے تحفظ اور ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے ضروری فنڈز بھی جاری کئے جائیں گے ۔ تالابوں کے گندہ پانی کی صفائی کیلئے ایس ٹی پی پلانٹس کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا ۔ کے ٹی آر نے اس علاقہ میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 8 عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دینے پر ینکنم پور ٹاؤن سکریٹری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری وضاحت طلب کرنے ‘ ضرورت پڑنے پر سکریٹری کو معطل کرنے کی آر ڈی او کو ہدایت دی اور جن تالابوں پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں اس کو فوری برخواست کرنے کا مشورہ دیا ۔