نئی دہلی ۔ /20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رمضان المبارک کا مقدس مہینہ سایہ فگن ہوچکا ہے ۔ اس بار موسم گرما ہونے کے باعث دنیا کے کئی خطوں میں روزے طویل ہوں گے اور وہاں گرمی کی شدت بھی ہوگی تو کئی خطوں میں روزے کا دورانیہ کافی کم ہوگا ۔ عالمی اداروں کے مطابق شمالی نصف کرہ ارض میں روزے کے اوقات طویل ہوں گے جبکہ جنوبی نصف کرہ ارض میں کچھ کم ہوں گے ۔ ہندوستان میں تقریباً 15 گھنٹے کا روزہ ہوگا ۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ جن علاقوں میں یوم صیام کا دورانیہ چھوٹا ہے وہاں موسم قدرے ٹھنڈا بھی ہے اور جن علاقوں میں روزہ کا دورانیہ زیادہ ہے وہاں کچھ حد تک موسم گرم ہے ۔ رواں سال ماہ صیام کا سب سے طویل ترین روزہ گرین لینڈ میں 21 گھنٹے 2 منٹ کا ہوگا ، جب کے سب سے مختصر دورانیہ کا روزہ ارجنٹائن میں 11 گھنٹے 32 منٹ کا ہوگا ۔