گریجویٹ زمرہ کے ایم ایل سی کیلئے پی راجیشور اور دیوی پرساد ٹی آر ایس امیدوار

حیدرآباد۔23فبروری ( سیاست نیوز) برسراقتدار ٹی آر ایس نے گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ ورنگل ‘ کھمم اور نلگنڈہ پر مشتمل گریجویٹ حلقے کیلئے ٹی آر ایس نے پی راجیشور ریڈی کو امیدوار بنایا ہے ‘ جب کہ رنگاریڈی ‘ حیدرآباد اور محبوب نگر ایم ایل سی حلقہ کیلئے تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد کے نام کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد ان دو ناموں کو منظوری دی ہے ۔ پارٹی کو یقین ہے کہ دونوں امیدوار کامیابی حاصل کریں گے ۔ دیوی پرساد جو محکمہ آبپاشی میں اہم عہدہ پر فائز تھے قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے مقابلہ کرنے سرکاری ملازمت سے استعفی پیش کردیا ۔ دونوں امیدواروں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور انہیں امیدوار بنانے پر اظہار تشکر کیا ۔ دونوں قائدین نے کہا کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے حکومت کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک میں این جی اوز کے اہم رول کو دیکھتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے دیوی پرساد کو کونسل کی رکنیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابق میں تلنگانہ این جی اوز کے قائد سوامی گوڑ کو کونسل کی رکنیت دیتے ہوئے کونسل کا صدر نشین مقرر کیا ‘ جب کہ تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر سرینواس گوڑ کو محبوب نگر سے رکن اسمبلی منتخب کیا گیا ۔