گریجویٹ بے روزگاروں کے مسائل حل کرنے کی امید ، ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی و مسلم فرنٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، مسلم فرنٹ نے جاریہ ماہ 22 مارچ کو منعقد شدنی ایم ایل سی انتخابات میں گریجویٹ حلقہ محبوب نگر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد سے ٹی آر ایس کے تائیدی امیدوار مسٹر جی دیوی پرساد راؤ کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گریجویٹ بے روزگار نوجوانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کی جاسکے ۔ یہ بات آج یہاں کنوینرس ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، مسلم فرنٹ مسرس محمد ثنا اللہ خاں ، پروفیسر انور خاں ، حیات حسین حبیب نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس کے گریجویٹ ایم ایل سی امیدوار مسٹر جی دیوی پرساد راؤ جو ایک قابل ، تجربہ کار با صلاحیت اور با اعتماد قائد ہیں جنہوں نے این جی اوز کے جے اے سی قائد کی حیثیت سے تحریک تلنگانہ میں اپنا اہم رول ادا کرچکے ہیں اور وہ بحیثیت این جی او قائد تمام گریجویٹس کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں جس کے نتیجہ میں گریجویٹس کے ساتھ انصاف کی ممکنہ توقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گریجویٹ حلقہ محبوب نگر ، رنگاریڈی اور حیدرآباد کے حدود میں جملہ ڈھائی لاکھ گریجویٹ رائے دہندے ہیں اور کہا کہ نو تشکیل شدہ جدید ریاست تلنگانہ میں 22 مارچ کو منعقد ہونے والے ایم ایل سی گریجویٹ انتخابات جو نئی ریاست کے پہلے اور تاریخی انتخابات ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے مذکورہ حلقہ سے تعلق رکھنے والے تمام ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور مسلم گریجویٹ رائے دہندوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کے تائیدی امیدوار مسٹر جی دیوی پرساد کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، مسلم فرنٹ کنوینرس مسرز رشید خاں ، ڈی موہن راؤ ، ایم ایم شریف اور محترمہ شمیم جہاں بھی موجود تھیں ۔۔