گریجویٹ ایم ایل سی کیلئے بی جے پی امیدوار کی تائید

تلنگانہ فیڈریشن آف سینئیر سٹیزنس آرگنائزیشن کا بیان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ فیڈریشن آف سینئیر سٹیزنس آرگنائزیشنس نے 22 مارچ کو منعقد شدنی ایم ایل سی انتخابات میں حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ حلقہ سے بی جے پی کے تائیدی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار مسٹر این رامچندر راؤ کے حق میں تائید کرتے ہوئے انہیں کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج یہاں صدر تلنگانہ فیڈریشن آف سینئیر سٹیزنس آرگنائزیشنس مسٹر پی کنکارتنم ، اڈوائزرس مسرز ویرا سوامی ، پانڈو رنگاراؤ نے پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں سینئیر سٹیزنس کو کئی مسائل درپیش ہیں جن کا کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سینئیر سٹیزنس کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی پیشرفت نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ آسرا اسکیم کے استفادہ کنندگان کی حد عمر کو 65 سال کی بجائے 60 سال مقرر کی جائے تاکہ کئی سینئیر سٹیزنس اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں ۔ انہوں نے اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے تمام گریجویٹ امیدواروں سے پر زور اپیل کی کہ وہ مذکورہ حلقہ کے ایم ایل سی گریجویٹ امیدوار مسٹر این رامچندر راؤ کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ گریجویٹس کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس موقع پر ممبرس مسرز بالیا ، جی وی راؤ ، بلرام بھی موجود تھے ۔۔