گریجویٹس سے نہیں بلکہ عام آدمی سے ملک چلتا ہے : نرسمہا ریڈی

حیدرآباد۔ 23مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ گریجویٹس نہیں بلکہ عام آدمی ملک کے محافظ ہیں ۔ مسٹر ریڈی نے اسمبلی لابیز میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات میں گریجویٹس کی طرف سے کثیر تعداد میں ووٹ نہ دیئے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ان انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے بارے میں کچھ کہنے سے احتیاط کا مظاہر ہکیا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا ٹی آر ایس کو کامیابی ہوگی ‘ انہوں نے جواب دیا کہ کوئی بھی کامیاب ہوں ‘ کوئی خاص فرق نہیں ہوگا ۔ وہاں موجود سی لکشما ریڈی نے بھی اس مسئلہ پر کچھ کہنے سے گریز کیا ۔ بیجے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے بھی گریجویٹس کے دو حلقوں کیلئے عوامی رائے دہی میں پولنگ کے معمولی فیصد پر افسوس کا اظہار کیا ۔ ان انتخابات کے نتائج کا چہارشنبہ کو اعلان ہوگا ۔