گرو گوبند سنگھ کی سہ روزہ یوم پیدائش تقاریب کا اختتام

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : سری گرو گوبند سنگھ جی کی 348 ویں یوم پیدائش تقاریب آج سکھوں کی جانب سے مذہبی جذبہ کے ساتھ منائی گئیں ۔ دسویں اور آخری سکھ گرو ’سری گرو گوبند سنگھ جی ‘ بانی خالصہ پنت کے یوم پیدائش کی سہ روزہ تقاریب کا 7 جنوری کو اختتام ہوا ان تقاریب میں ہزاروں سکھوں اور دیگر کمیونٹی کے افراد نے مذہبی جذبہ کے ساتھ شرکت کی ۔ جس میں گردواروں میں اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔ پربندھک کمیٹی سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ کے زیر اہتمام 7 جنوری کو سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ پر بڑا اجتماع ’ وشال دیوان ‘ منعقد ہوا جس میں 25 ہزار سے زائد لوگوں نے حصہ لیا ۔

اس اجتماع کا آغاز 11 بجے دن ہوا جو شام 4-30 بجے تک جاری رہا ۔ جس میں مشہور راگی جتھے گربانی کیرتنس پیش کئے اور انہوں نے سکھ گروس کی تعلیمات پر بھی روشنی ڈالی ، پربندھک کمیٹی کے صدر ایس ترلوک سنگھ اور جنرل سکریٹری ایس ریشپال سنگھ نے وشال دیوان کے شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔۔
دسویں سکھ گرو ، سری گرو گوبند سنگھ جی کی سہ روزہ 348 ویں یوم پیدائش تقاریب کے سلسلہ میں سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ میں منعقدہ بڑے اجتماع ’ وشال دیوان ‘ میں راگی جتھے گربانی کیرتنس پیش کرتے ہوئے ۔۔