گروکل ٹرسٹ کی اراضیات پر غیر قانونی تعمیرات کا انہدام

حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : مادھا پور میں گروکل ٹرسٹ کی اراضیات پر غیر قانونی تعمیرات کا انہدام تیزی سے جاری ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی ہدایات پر گروکل ٹرسٹ اراضیات پر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ۔ آج پولیس کے سخت سیکوریٹی انتظام میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے سروے نمبر 11 تا 37 پر غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کردیا ۔ اس کے علاوہ 620 ایکڑ پر پھیلی 21 غیر قانونی تعمیرات کو بھی منہدم کردیا ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے انہدامی کارروائی کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ کمشنر سومیش کمار اور دیگر اس کارروائی کی راست نگرانی کررہے ہیں ۔ انہدامی کارروائی کے دوران سری لنگم پلی کے رکن اسمبلی مسٹر اے گاندھی اور ان کے 50 حامیوں نے مداخلت کی کوشش کی ۔ پولیس نے انہیں تحویل میں لے لیا ۔ اے گاندھی نے الزام عائد کیا کہ جی ایچ ایم سی عہدیدار مخصوص عمارتوں کو ہی انہدامی کارروائی کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ وہ ٹی آر ایس قائدین کے مکانات کو کوئی نقصان نہیں پہونچا رہے ہیں اور دوسروں کے مکانات منہدم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے غیر قانونی عمارتوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کیا ۔۔