حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گروکل (اقامتی) تعلیمی اداروں میں مخلوعہ 644 ٹی جی ٹی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے منعقد کردہ ٹسٹ کے نتائج کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے اعلان کیا۔ سیکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن شریمتی اے وانی پرساد نے مذکورہ نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 609 امیدوار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے منتخب ہونے پر ان امیدواروں کی فہرست کو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ویب سائیٹ www.tspsc.gov.in پر مشاہدہ کیلئے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 644 مخلوعہ جائیدادوں کے منجملہ 33 پی ایچ (جسمانی معذورین) جائیدادوں سے متعلق میڈیکل رپورٹ وصول ہونے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ شریمتی وانی پرساد نے بتایا کہ اہل امیدوار نہ رہنے کی وجہ سے دو جائیدادوں پر تقررات نہیں ہوئے جبکہ گروکل تعلیمی اداروں میں مخلوعہ ٹی جی ٹی جائیدادوں پر تقررات کیلئے گزشتہ سال 14 جون کو ابتدائی امتحان منعقد کیا گیا تھا اور 3 ستمبر کو ’’مین ‘‘امتحان منعقد کیا گیا تھا اور ان امتحانات کے نتائج کو قطعیت دینے کے بعد نتائج جاری کرکے پبلک سرویس کمیشن کے ویب سائٹ پر رکھ دیئے گئے۔