گرمی کی شدت، 2013 سے 4000 اموات

گزشتہ چار سال سے ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ، لوک سبھا میں بیان

نئی دہلی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں گزشتہ چار سال سے موسم گرما کے دوران شدید گرمی کی لہر اور لُو چلنے کے باعث اب تک 4,204 افراد فوت ہوئے ہیں۔ اس سال مارچ تک 87 افراد لُو لگنے سے فوت ہوئے۔ حکومت نے آج لوک سبھا میں یہ بات بتائی۔ 9 ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے لوک سبھا میں اٹھائے گئے سوال کے تحریری جواب میں وزیر ارتھ سائنس وائی ایس چودھری نے کہاکہ گزشتہ چار سال سے ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ اس لہر کی وجہ سے 4,204 افراد فوت ہوئے ہیں۔ سال 2013 میں 1437 افراد فوت ہوئے تھے ان میں سے 1394 افراد صرف غیر منقسم آندھراپردیش میں فوت ہوئے ہیں۔ سال 2014 ء میں بھی گرمی کی لہر کے باعث 549 افراد فوت ہوئے۔ اس سال مارچ تک ملک بھر میں شدید گرمی اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 87 افراد فوت ہوئے ان میں تلنگانہ ریاست میں سب سے زیادہ 56 اموات درج کی گئی ہیں۔ 2016 ء کے دوران اپریل اور جون کا موسم شدید گرم رہے گا اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ہند میں معمول کے درجہ حرارت سے ایک سنٹی گریڈ اضافہ کیا جارہا ہے۔