حیدرآباد /29 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں زائد از ایک ماہ سے جاری گرمی کی شدید لہر کے نتیجہ میں تاحال مجموعی طور پر 1,979 افراد فوت ہوگئے ۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 49 اموات کے بعد اس ریاست میں گرمی سے فوت ہونے والوں کی تعداد 489 ہوگئی ہے ۔ ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ’’ آج پانچ بجے شام تک دستیاب اطلاعات کے مطابق متوفیوں کی تعداد 489 ہوگئی جو گذشتہ روز 440 تھی ‘‘ ۔ ضلع نلگنڈہ میں 15 اپریل سے تاحال سب سے زیادہ یعنی 126 افراد گرمی کے سبب فوت ہوئے ہیں ۔ کریم نگر دوسرے مقام پر ہے جہاں 95 اموات ہوئی ہیں ۔ کھمم میں 92 ، محبوب نگر میں 37 ، رنگاریڈی 35 اور میدک میں بھی 35 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ حیدرآباد میں 10 افراد لو لگنے کے سبب فوت ہوئے ہیں ۔ اس دوران تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ اے آئی سی سی کی صدر سونیا گاندھی نے تلنگانہ میں لو لگنے کے سبب سیکڑوں افراد کی موت پر سخت افسوس اور تعزیت کیا ہے ۔ ریڈی نے کہا کہ ’’ انہوں ( سونیا گاندھی ) نے ہمیں ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا جائے ‘‘ ۔ آندھراپردیش میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 156 افراد فوت ہوگئے جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 1490 تک پہونچ گئی ۔ ضلع پرکاشم میں سب سے زیادہ یعنی 321 اموات ہوئی ہیں ۔ گنٹور میں 223 ، وجیہ نگرام میں 161 ، نیلور میں 122 ، کرشنا میں 74 ، سریکاکولم 58 ، چیتور میں 56 ، کڑپہ میں 37 ، اننت پور میں 32 ، کرنول میں 31 اور مغربی گوداوری 23 اموات ہوئے ہیں ۔ تاہم آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع اور رائل سیما کے علاوہ تلنگانہ کے چند علاقوں میں آج ہلکی بارش کے سبب عوام کو کسی حد تک گرمی سے راحت ملی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن کے دوران دونوں ریاستوں کے اکثر مقامات پر بوندا باندی یا بارش کی پیش قیاسی کی ہے تاہم خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر میں نمایاں کمی نہیں ہوگی اور موجودہ شدید موسم آئندہ دو دن تک برقرار رہے گا ۔