انگریزی بول چال، کال سنٹر ٹریننگ اور خواتین کیلئے فنی تربیت بھی مقبول
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں موسم گرما کے آغاز اور امتحانات کے اختتام کے قریب سمر کوچنگ کیمپس کی تشہیری مہم شدت اختیار کرچکی ہے ۔ گزشتہ چند برسوں سے گرمائی تعطیلات سے بہتر استفادہ کیلئے مختلف تنظیموں ، دینی درسگاہوں کے علاوہ تعلیمی اداروں کی جانب سے بچوں کیلئے گرمائی کوچنگ کا اہتمام کیا جانے لگا ہے اور اس سال بڑے پیمانے پر گرمائی کوچنگ کیمپ منعقد کئے جانے کی توقع ہے ۔ شہر میں مختلف مقامات پر گرمائی کوچنگ کیلئے تشہیری ہورڈنگس نظر آنے لگے ہیں۔ دینی درسگاہوں کی جانب سے بھی گرمائی تعطیلات کے دوران خصوصی دین بیداری مہم کے علاوہ دینی معلومات پر مختصر مدتی کورس منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ بچوں کو سرمائی تعطیلات کا صحیح مصرف فراہم کیا جاسکے ۔ جامعہ نظامیہ کی جانب سے بھی کئی برسوں سے ادارہ سیاست کے تعاون و اشتراک سے خصوصی گرمائی کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی طرح دیگر درس گاہیں بھی مختلف عنوانات کے ساتھ گرمائی تعطیلات کے دوران مختصر مدتی کراش کورس متعارف کروارہے ہیں۔ گرمائی تعطیلات کے دوران کوچنگ کیمپس کا انعقاد اب صرف خدمت یا معلومات کی فراہمی نہیں رہا بلکہ کئی ادارے تجارتی اغراض و مقاصد کے تحت تربیت کی فراہمی کے لئے موسم گرما کی تعطیلات سے استفادہ کرنے لگے ہیں۔ دینی درسگاہوں کی جانب سے بچوں اور بڑوں کے لئے گرمائی تعطیلات کے دوران تجوید کی عملی مشق ، عربی تلفظ ، مختصر سورتوں کا حفظ ، ترجمہ و تفسیر کے علاوہ توسیعی لکچرس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اسی طرح بعض تنظیموں کی جانب سے ابتدائی اردو تعلیم کی فراہمی اور تدریس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ قرآن فاؤنڈیشن ٹرسٹ مانصاحب ٹینک کی جانب سے بھی گرمائی تعطیلات کے دوران 12 سال سے زائد عمر کے لڑکے لڑکیوں کیلئے اسلامیات ، قصص الانبیاء کے علاوہ تجوید و عربی تلفظ کے کورسیس کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ تنظیم بنت حرم اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی لڑکیوں کیلئے خصوصی دینی معلوماتی کلاسیس کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے اور اس سال بھی ان کلاسیس کو منعقد کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔
عصری تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو دینی تعلیم سے روشناس کروانے کیلئے چلائی جانے والی اس خصوصی مہم کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض گھرانوں کی جانب سے طلبہ میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران دیگر تفریحی اور معلوماتی کراش کورس کا بھی رجحان ہے اور کئی تجارتی اغراض و مقاصد سے قائم کردہ اداروں کی جانب سے ایسے کراش کورس بھی چلائے جارہے ہیں ۔ ان سب کے علاوہ موسم گرما کے تعطیلات سے کالج کے طلبہ مستفید ہوں اس لئے کئی تنظیموں کی جانب سے بہترین انگریزی بول چال کے علاوہ کال سنٹرس میں خدمات کی تربیت بھی فراہم کی جانے لگی ہے ۔ گھریلو خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے بھی کئی تنظیموں کی جانب سے سمر کراش کورس متعارف کروایا جارہا ہے جس میں ادارہ سیاست اور مائناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے تربیت کی فراہمی بھی شامل ہے۔ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے جو تربیت فراہم کی جاتی ہے اُن میں سافٹ ٹائیز میکنگ کے علاوہ چاکلیٹ بنانے کے طریقہ کار و دیگر دستی مصنوعات وغیرہ کی تربیت شامل ہے ۔ موسم گرما میں ملنے والی تعطیلات سے بھرپور استفادہ کا عوام میں رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے ۔