گرفتار 11 عسکریت پسندوں کا ملائیشیاء کا طیارہ لاپتہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں

کوالالمپور۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ملائیشیاء کی پولیس نے آج ان خبروں کو مسترد کردیا کہ 11 مبینہ گرفتار عسکریت پسندوں سے پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے طیارہ کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔ یہ خبر برطانیہ کے اخباروں میں شائع ہوئی ہے۔ آئی جی پی خالد ابوبکر نے ان خبروں کو بکواس قرار دیا۔ عسکریت پسند گروپس نے گزشتہ ہفتہ ملائیشیاء کے مخالف دہشت گردی شعبہ کو حملہ کا نشانہ بنایا تھا اور سمجھا جاتا ہے کہ ان کا نیٹ ورک شام اور جنوبی فلپائن میں بھی موجود ہے اور شام کو ملائیشیاء جنگجو روانہ کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔

روزنامہ ’ملائیشیاء اسٹار‘ کے بموجب پولیس نے کہا کہ برطانیہ کے روزنامہ ’دی مرر‘ میں شائع شدہ یہ خبر بے بنیاد ہے کہ یہ عسکریت پسند ملائیشیاء کے طیارہ کے لاپتہ ہونے میں ملوث ہیں اور ان سے اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ مشتبہ افراد میں طلبہ، معمولی کام کرنے والے مزدور، ایک بیوہ خاتون اور تاجر برادری کے افراد شامل ہیں جو مسلم ممالک میں بم دھماکے کرنے کی سازش کرنے والے دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔