گرداس پور حملہ آوروں کے امیجس پولیس کو دستیاب

گرداس پور 28جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے گرداس پور میں گذشتہ روز اپنی ہلاکتوں سے قبل قتل و غارت گیری مچانے والے تین دہشت گردوں کی کارروائی اتفاقاً سی سی ٹی وی کیمرہ میں فلمبند ہوگئی جس کے منظر عام پر آنے کے بعد اس واقعہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت متوقع ہے ۔ 14 سکنڈ کی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ فوجی وردی میں ملبوس تین افراد اپنی پیٹھ پر بڑے بیاگ لگائے ہوئے تھے اور اُن کے ہاتھوں میں اے کے 47 رائفلس تھے اور وہ صبح 4.55 بجے اس سڑک سے گذر رہے تھے ۔ دینا نگر علاقہ کے تارہ گڑہ میں ایک دکان پر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ میں یہ امیجس اس وقت فلمبند کرلیا جب وہ پاکستانی سرحد سے متصلہ پنجاب کے اس ٹاون میں داخل ہورہے تھے ۔ایس ایس پی گرداس پور جی ایس تور نے کہا کہ دوران تحقیقات یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک ڈرائیور سے منی ٹرک (ٹمپو) چھیننے کی کوشش کی اور ایک چلتی بس پر فائرنگ بھی کی تھی ۔ ایک شخص جو ترکاری خریدنے اپنی ماروتی کار میں روانہ ہوا تھا ان کا نشانہ بنا ۔ کار کے مالک کمل جیت سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس کو گاڑی سے کھینچ کر سڑک پر پھینک دیا تھا ۔ پولیس نے آج صبح اس مقام پر دو بموں کو ناکارہ بنادیا ۔