گرانی الاؤنس 90 سے بڑھاکر 100 فیصد کردیا گیا

نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج گرانی الاؤنس کو 90% سے بڑھاکر 100% کرنے کے فیصلہ پر اعلامیہ جاری کردیا جس سے تقریباً 50 لاکھ مرکزی ملازمین اور 30 لاکھ وظیفہ یابان کو فائدہ ہوگا۔ مرکزی کابینہ نے 28 فروری کو ڈی اے کی اضافی قسط اور وظیفہ یابان کو گرانی راحت یکم جنوری 2014ء سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا چنانچہ مرکزی سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابان اب یعنی یکم جنوری 2014ء سے اپنی بنیادی شرح یافت کا صد فیصد ڈی اے ؍ ڈی آر کے اہل ہوں گے۔ وزارت فینانس کے دفتر نے آج ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ملازمین اور پنشنرس کے ڈی اے ؍ ڈی آر کے 90 سے صد فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے متواتر دوسری مرتبہ گرانی الاؤنس میں دو ہندسی عدد کا اضافہ کیا ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں 10% اضافہ کے بعد یہ 90% ہوگیا تھا اور اب اسے 100% کردیا گیا ہے۔ یہ اضافہ چھٹے سنٹرل پے کمیشن کی سفارشات پر مبنی فارمولہ کے مطابق ہے۔

ہندوستان ‘ پولیو سے پاک ملک قراردیدیا گیا
نئی دہلی 27 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو آج سرکاری طور پر پولیس سے پاک ملک قرار دیدیا گیا ۔ عالمی تنظیم صحت نے یہ اعلان کیا ۔ کہا گیا ہے کہ ہندوستان جنوب مشرقی ایشیا کے ان 11 ممالک میں شامل ہے جسے پولیو وائرس سے پاک قرار دیدیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر صحت مسٹر غلام نبی آزاد نے آج ایک تقریب میں یہ سرٹیفیکٹ حاصل کیا ۔ جنوب مشرقی ایشیا کا علاقہ عالمی تنظیم صحت کی جانب سے پولیس سے پاک قرار دیا گیا چوتھا علاقہ ہے ۔ اس سے قبل تین علاقوں سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔