گرام پنچایتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے نئی قانون سازی کا فیصلہ

کابینی اجلاس میں قرارداد منظور۔ اسمبلی سرمائی سشن کیلئے حکمت عملی اور مختلف بلز پر غور و خوض
حیدرآباد ۔23اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی صدارت میں تقریباً 8 گھنٹوں تک کابینی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسمبلی سرمائی سیشن کے انعقاد اور بلز کا جائزہ لیتے ہوئے آرڈیننس کو منطوری دی گئی ۔ پنچایت کا نیا قانون بنانے وزرا نے چیف منسٹر کو مکمل اختیارت سونپ دیا ۔ مقررہ وقت پر گرام پنچایت انتخابات کرانے ‘ لمباڑہ تانڈا کو گرام پنچایت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ کابینہ اجلاس سہ پہر 3:30 بجے شروع ہوا اور رات 11:05 بجے اختتام کو پہنچا ۔ پہلے دو گھنٹوں میں مختلف بلز اور حکومت کی اسکیمات پر غور و خوص کیا گیا ۔ بعد ازاں 5:30 تا 11.05 تک پنچایت راج نظام کو مستحکم کرنے نئے قانون کی تیاری ‘ مقررہ وقت پر گرام پنچایتوں کے انتخابات ‘ فنڈز کی اجرائی کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ گرام پنچایت کی کارکردگی کو بہتر اور جوابدہ بنانے اجلاس میں نئی قانون سازی کیلئے قرارداد منطور کی گئی ۔ دستوری قواعد کے مطابق مقررہ وقت پر گرام پنچایتوں کے انتخابات کرانے سے اتفاق کیا گیا ۔ نئے گرام پنچایت نئے قوانین کے تحت اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ نظم و نسق میں وسیع تجربہ رکھنے والے عہدیداروں اور ماہرین قانون سے مشاورت کرکے نیا قانون بنانے کا اختیار تمام وزراء نے چیف منسٹر کو سونپ دیا ۔ ایس ٹی طبقات کے مختلف تانڈوں اور دور دراز علاقوں میں جہاں گرام پنچایت نہیں ہے ایسے گاؤں کی نشاندہی کرکے نئے گرام پنچایت قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ریاستی بجٹ میں گرام پنچایتوں کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں گے ۔ آبادی کے تناسب سے گاؤں کو بجٹ جاری کیا جائے گا ‘ مرکزی حکومت کے فنڈز سے استفادہ کیا جائیگا ۔ ٹیکس کے ذریعہ گرام پنچایتوں کو فنڈز حاصل ہونگے ۔ فینانس کمیشن کے ذریعہ فنڈز حاصل ہوں گے ۔ شرمندان کے ذریعہ چند کام کئے جائیں گے اور کارپوریٹ ‘ سماجی ذمہ داری کے تحت بھی فنڈ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مختلف طریقوں سے اکھٹا کئے جانے والے فنڈز کو دیہی ترقیات کیلئے استعمال کیا جائیگا ۔