محمد محمود علی کی سالگرہ کے موقع پر محمد مسیح اللہ خاں چیرمین حج کمیٹی کی تنخواہ کی پیشکشی
حیدرآباد۔2مارچ(سیاست نیوز)پچھلے سال حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میںپیش آئے کرین واقعہ میں شدید طور پر زخمی حیدرآباد عازم حج شیخ مجیب جو معاشی طور پر نہایت کمزور بھی ہیں انہیںحج کمیٹی چیرمن جناب محمد مسیح اللہ خان نے اپنی پہلی تنخواہ کا چیک بطور امداد حوالے کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی کی سالگرہ کے موقع پر چیک جناب محمد محمودعلی کے ہاتھوں متاثر شیخ محمد مجیب کو پیش کیاگیا۔ چیرمن حج کمیٹی کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پریشان حال لوگوں کی فکر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اللہ تعالی کاشکر ہے کہ میںزندگی کے 65ویں سال میںداخل ہوگیاہوں اور دعاکرتاہوں کہ جب تک اقتدار پر ہوں تب تک بلاتفریق مذہب ‘ذات پات اور طبقہ انسانیت کی خدمت کروں۔ انہوں نے کہاکہ میںہمیشہ میرے چاہنے والوں سے اپیل کرتارہاہو ں او راس بار بھی انہیںتلقین کرتاہوں کہ سالگرہ یا خوشی کے موقع پر آتش بازی ‘ گلدستوں اور کیک پر بیجا اصراف کے بجائے ان پیسوں سے کسی غریب کی مدد کریں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آج کے دور میں پچاس ہزار روپئے کوئی بڑی رقم نہیں ہے مگر جس کام کی شروعات کی گئی ہے اس کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔