گجرات پولیس کے ظلم و ستم کا پردہ فاش

احمدآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مفتی عبدالقیوم منصوری جنہیں 2002 ء کے اکشرادھام مندر حملہ کیس میں گزشتہ سال سپریم کورٹ میں الزامات سے بری کئے جانے تک دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، جیل میں 11 سال تک قید و بند کے دوران مظالم اور اذیت ناک زندگی کو قلمبند کرتے ہوئے کتاب کی شکل دیدیا ہے ۔ گجراتی ترجمہ کے ساتھ اردو زبان میں تحریر کردہ 225 صفحات پر مشتمل اس کتاب کا عنوان (ٹائیٹل) ’’گیارہ سال سلاخوں کے پیچھے‘‘ رکھا گیا ہے جس میں انہوں نے حکومت اور پولیس کے ظلم و ستم کی داستاں بیان کی ہے اور بے گناہ لوگوں کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی ہے ۔ مفتی قیوم نے بتایا کہ اپنے تلخ تجربات اور مشاہدات کو قلمبند کرنے کا خیال جیل میں قید و بند کے دوران ہی آیا تھا اور مجھے سپریم کورٹ سے یہ امید تھی کہ ایک نہ ایک دن میرے خلاف عائد دہشت گردی کے الزامات سے براء ت مل جائے گی ۔

ا گر میں ایک کتاب تحریر کروں گا تو ایک بے گناہ شخص کی داستاں منظر عام پر آئے گی جس پر پولیس نے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا تھا۔قبل ازیں خصوصی عدالت نے مفتی قیوم اور دیگر ملزمین کو اکشرادھام مندر پر حملہ کیس میں سزائے عمر قید دی تھی اور ہائیکورٹ نے اس کی تصدیق بھی کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے گزشتہ 16 مئی کو انہیں الزامات سے بری کردیا اور اس کیس میں غلط تحقیقات کرنے پر گجرات پولیس کی سرزنش کی تھی جبکہ تمام ملزمین کے خلاف قانون انسداد دہشت گردی POTA کے تحت مقدمہ چلایا گیا تھا۔ مفتی قیوم ایک مدرسہ کے استاد ہیں اور تجرات پولیسل انہیں اس وقت پکڑلیا گیاتھا جب وہ مسجد دریا پور میں ف سادات کے متاثرین کیلئے امداد فراہم کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کتاب میں کرائم برانچ عہدیداروں ڈی جی ونزارا اور جی ایل سنگھل کی زیر قیادت گجرات پولیس کے مظالم کی داستاں بیان کی گئی ہیں اور ابتدائی 50 صفحات میں یہ بتایا گیا کہ کس طرح پولیس نے جبراً بیانات لئے تھے اور یہ دھمکی دی گئی تھی کہ ان کے خاندان کو تباہ اور خواتین کی عصمت ریزی کی جائے گی ۔ تاہم کتاب میں سابرمتی جیل کے عہدیداروں اور قیدیوں کے ہمدردانہ رویہ کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جنہوں نے انہیں ایک دہشت گرد تصور نہیں کیا ۔ مفتی قیوم نے بتایا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ بشمول سنجیو بھٹ ان کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ پیش آئے تھے اور بعض فرض شناس پولیس عہدیدار بھی ہیں جن کا ت ذکرہ مذکورہ کتاب میں کیا گیا ۔

فوجی سربراہ دلبیر سنگھ کا دورہ جموں و کشمیر
جموں 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے آج جموں و کشمیر کے اودھم پور میں واقع ناردن کمانڈ کا دورہ کیا اور ریاست میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر مفتی محمد سعید کی 5 اعلیٰ کمانڈرس بشمول چیف آف ناردن اینڈ ویسٹرن کمانڈ سے ملاقات کے پس منظر میں یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔ مفتی سعید حکومت ریاست میں مسلح فورسیس کو خصوصی اختیارات سے متعلق قانون (افسپا) کی تنسیخ کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔