گجرات میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

احمد آباد25 جون (سیاست ڈاٹ کام )موسلادھار بارش اور گجرات کے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال سے مرنے والوں کی تعداد 70 ہوگئی ۔ ان میں بدترین متاثرہ ضلع امریلی میں ہلاک ہونے والے 26 افراد بھی شامل ہیں ۔ ریاستی وزیر صحت اور ترجمان نتن پٹیل نے کہا کہ موسلادھار بارش سے کم از کم 70 افراد ہلاک ہوئے ریاست گجرات کے ہنگامی کنٹرول روم کے بموجب ضلع امریلی میں 26 ‘ بھڑوچ ‘جامنگر اور کچھ اور راجکوٹ اضلاع میں ہر جگہ 5 ‘دوارکا میں 4 ‘ اضلاع بھاو نگر ‘جونا گڑ اور سریندر نگر میں سے ہر ایک میں 3 ‘دہود ‘مہسانہ ‘ موربی اور سورت میں سے ہر جگہ 2 اور کھیڑا ‘پوربندر اور والساڈ میں سے ہر جگہ ایک ہلاکت واقع ہوئی ۔ حکومت گجرات نے مہلوکین کے ورثاء کو 4 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اس مالی امداد کے علاوہ جن افراد کو جائیداد اور مویشیوں کا نقصان ہوا ہے انہیں بھی مالی مدد فراہم کی جائے گی ۔ متاثرہ اضلاع میں سروے کیا جارہا ہے تا کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکے ۔ فصلوں ‘مویشیوں ‘گھروں اور دیگر جائیدادوں کے نقصان کی پابجائی کی جائے گی ۔