گجرات میں فرقہ وارانہ کشیدگی گروہی تصادم میں پولیس کانسٹبل زخمی

وڈوڈرا ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فرقہ وارانہ نوعیت سے حساس علاقہ فتح پورہ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوگیا ۔ جس میں ایک پولیس ملازم زخمی اور بعض پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ یہ واقعہ کل شب پیش آیا پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے 20 آنسو گیس کے شیل داغے ۔ تاہم پولیس نے فی الفور حالات پر قابو پالیا ہے ۔ سٹی جوائنٹ پولیس کمشنر ڈی جے پٹیل نے بتایا علاقہ فتح پور سے ایک مذہبی جلوس کے گذرنے پر دو گروپس میں بحث و تکرار ہوگئی ۔ جس کے نتیجہ میں کل شب 11 بجے تصادم ہوگیا اور دونوں گروپس نے ایکدوسرے پر سنگباری کی ۔ جس میں ایک پولیس کانسٹبل زخمی اور بعض پولیس گاڑیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا ۔ تشدد پر آمادہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے 20 سے زائد آنسو گیس کے شیل داغے انہوں نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔۔