گجرات میں سوائن فلو اموات 150ہوگئیں

احمدآباد۔16 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)سوائن فلو نے گجرات میں مزید 6 جانیں لے لیں ، جس کے ساتھ جنوری سے جملہ اموات 150 ہوگئیں ، آج ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ اس کے مطابق ریاست بھر میں آج مزید 6 افراد H1N1 وائرس کا شکار ہوجانے کے بعد اس مہلک بیماری سے جملہ اموات 150 ہوگئی ہیں ۔ ان اموات کے علاوہ آج ساری ریاست میں سوائن فلو کے 107 نئے کیس درج ہوئے ، جس سے آج تک جملہ کیسوں کی تعداد 1781 ہوگئی ہے ۔ احتیاطی اقدام کے طورپر ریاستی حکومت نے ریاست گیر سطح پر ہیلتھ ورکرس کی مدد سے گھر گھر مہم شروع کی ہے تاکہ سوائن فلو سے متاثرہ افراد کا پتہ چلایا جاسکے ۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں ابھی تک چار کروڑ عوام کی ہیلتھ ورکرس نے جانچ کی ہے اور زائد از چار ہزار اشخاص کو سوائن فلو کے ا ثرات پائے جانے پر ضروری دوائیں دی گئیں۔