گاندھی نگر، 31اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سردار بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر آج گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر اور سب سے بڑے شہر احمد آباد سمیت سبھی اضلاع، شہروں اور قصبوں میں رن فار یونٹی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلی وجے روپانی نے راجدھانی گاندھی نگر میں سردار پٹیل کی تصویرپر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد انہیں ملک کو متحد کرنے والی شخصیت کے طو رپر یاد کیا۔حالانکہ انہوں نے کانگریس پر آنجہانی پٹیل کو نظرانداز کرنے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ اگر کانگریس نے انہیں وزیراعظم بننے دیا ہوتا تو آج ملک کو درپیش کئی مسائل ہوتے ہی نہیں۔کانگریس نے اس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام سرے سے غلط اور سیاست پر مبنی ہے ۔ کانگریس لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ 25 سال تک گجرات کانگریس کے صدر اور مختلف اہم عہدوں پر رہنے والے پٹیل مرد آہن تھے اور اگر انہیں محسوس ہوتا کہ کانگریس نے انہیں نظرانداز کیا ہے تو انہوں نے کانگریس کے خلاف ہی مورچہ کھول دیا ہوتا۔