گجرات میں بی جے پی کا آج سے ’مہا سمپرک ابھیان‘

صدر پارٹی امیت شاہ آغاز کریں گے ، چیف منسٹر کے بشمول متعدد مرکزی وزراء کی بھی شرکت
احمد آباد 6نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں طویل عرصے کے بعد اسمبلی انتخابات میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس سے زبردست ٹکرملنے کی باتوں کے درمیان ریاست میں 22 سال سے برسراقتداربی جے پی کل سہ شنبہ سے عوام سے براہ راست رابطہ کرنے کے لئے ایک بڑی تشہیری مہم کی شروعات کرنے جارہی ہے جس کی قیادت بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کریں گے ۔بی جے پی نے اس تشہیری مہم کا نام ’گجرات گورو مہاسمپرک ابھیان ‘رکھا ہے جس میں صدر پارٹی امیت شاہ، چیف منسٹر وجئے روپانی سمیت متعدد مرکزی وزراء بھی شرکت کررہے ہیں۔ یہ مہم 12 نومبر تک چلے گی۔پارٹی کے ریاستی ترجمان آئی کے جڈیجہ نے آج یہاں اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ترقی کا پیغام لوگوں تک پہنچائے گی۔ امیت شاہ کل صبح 9 بجے اپنے سابقہ اسمبلی حلقہ احمد آباد کے نارائن پورہسے اس کی شروعات کریں گے ۔ اب راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ بن چکے امیت شاہ نے گزشتہ انتخابات میں اسی نشست سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مہم میں الگ الگ وقت ، تاریخ اور مقام پرمتعدد مرکزی وزراء بھی شامل ہوتے جائیں گے جس میں خاص طور پر نریندرسنگھ تومر، جتیندر سنگھ، ہنس راج اھیر، نرملا سیتا رامن، ارجن میگھوال، سمرتی ایرانی، پرکاش جاوڈیکر، دھرمیندر پردھان، جے پی نڈا، وی کے سنگھ، تھاورچندگہلوٹ وغیرہ شامل ہیں۔ چیف منسٹر وجے روپانی اپنے آبائی ضلع راجکوٹ، ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل مہسانا، جیتو واگھوانی بھاؤنگر میں اس مہم میں شامل ہوں گے ۔ بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں ترقیات سے جڑے پمفلٹ تقسیم کئے جائیں گے اور پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے پیغام سے بھی عوام کو واقف کرایا جائے گا۔