نئی دہلی ؍ بھج۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں ہند ۔ پاک بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ 35 سالہ محمد علی جو سندھی زبان میں بات کرسکتا ہے، کمار سرحدی چوکی کے قریب بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) پٹرول ٹیم کی طرف سے پکڑ لیا گیا۔ پیر کی شام سرحدی ضلع بناس کانٹھا کے سرحدی پلر نمبر 1015 کے قریب یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ عہدیداروں نے کہا کہ وہ ہندوستانی علاقہ میں دراندازی کی کوشش کررہا تھا کہ اس کو پکڑ لیا گیا۔ مزید پوچھ گچھ کیلئے اس کو ضلع کچھ کے بالا سار پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ اس ماہ کے دوران گجرات کی سرحد سے کسی پاکستانی کی طرف سے دراندازی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔