گجرات راجیہ سبھا انتخابات نوٹا کے استعمال کیخلاف سپریم کورٹ میں کل سماعت

نئی دہلی، 02 اگست (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات میں نوٹا کا استعمال کرنے کے خلاف گجرات کانگریس کی درخواست پر کل سماعت کا اعلان کیا ہے۔ جسٹس دیپک مشرا کی بینچ نے آج اس سلسلے میں عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر کل سماعت کرے گی۔ غور طلب ہے کہ گجرات میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے لیے 8 اگست کو رائے دہی مقررہے ۔ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ، مرکزی وزیر سمرتی ایرانی اور بلونت سنگھ راجپوت کے علاوہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل امیدوار ہیں۔ بی جے پی نے کانگریس سے استعفیٰ دینے والے مسٹر راجپوت کو بھی امیدوار بنایا ہے ۔ گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات کو لے کر سیاسی طوفان عروج پر ہے ۔کانگریس کے 57 ممبران اسمبلی تھے جس میں سے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شنکر سنہہ واگھیلا سمیت کئی رکن اسمبلی استعفیٰ دے چکے ہیں۔ انتخابات میں نوٹا کا استعمال کرنے پر کانگریس نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے اور اس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائرکی ہے ۔ نوٹا کے تحت ووٹر کو یہ حق حاصل ہوتا ہے کہ جو بھی امیدوار کھڑے ہیں اگر ان میں سے وہ کسی کو بھی ووٹ دینا نہیں چاہتا تو نوٹا کا استعمال کر سکتا ہے ۔