گاندھی جی کے نظریات پر عمل کرنے کانگریس کارکنوں کو مشورہ

گاندھی بھون میں یوم پیدائش تقریب ، کیپٹن اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گاندھی جی کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے گاندھی جی کے نظریات پر عمل کرنے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا ۔ آج گاندھی جی کی یوم پیدائش کے موقع پر باپو گھاٹ اور گاندھی بھون میں انہیں اور لعل بہادر شاستری کو بھی ان کی یوم پیدائش پر خراج پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سابق وزیر مسٹر ڈی سریدھر بابو سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی ، مسٹر محمد جاوید احمد کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گاندھی جی نے انگریزوں کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہوئے ملک کو آزاد کرانے میں جو رول ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ گاندھی جی نے سیکولر نظریات اور اصولوں کو اہمیت دیتے ہوئے قوم کو جو راہ دکھائی ہے وہ قابل تقلید ہے ۔ قربانی کا دوسرا نام گاندھی جی ہے۔ جنہوں نے اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس کیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ گاندھی جی کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں ۔۔