گاندھی جی کی سالگرہ پر وردھا میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس

نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) کانگریس بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر مہاراشٹر کے وردھا میں اپنی اعلی پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کرے گی اور باپو کے سچ اور عدم تشدد کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائے گی۔کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد امن مارچ نکالا جائے گا اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی وہاں ایک عام جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویش کی بات ہے کہ جو لوگ مہاتما گاندھی اور سردار بلبھ بھائی پٹیل کا نام لیتے ہیں، وہی لوگ ملک کا ماحول بگاڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے سچ اور عدم تشدد کا پیغام دیا تھا اور وردھا سے ہی 1942 میں انہوں نے ‘انگریزوں ہندوستان چھوڑو’ کا نعرہ دیا تھا۔ ملک میں آج خوف، نفرت، تشدد اور نفرت کا ماحول ہے اور باپو کی 150 ویں یوم پیدائش پر پارٹی وردھا کے اسی سیواگرام سے ملک کو ان برائیوں سے نجات دلانے کے لئے پروگرام منعقد کر رہی ہے ۔کانگریس کے مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ خوف، تشدد اور نفرت مودی حکومت کا کردار بن گیا ہے لیکن کانگریس نڈر اور بے خوف ہوکر ان برائیوں کا مقابلہ کرے گی۔ جس سیواگرام میں گاندھی جی نے اپنی زندگی کے آخری 12 سال گزارے تھے اسی سیواگرام سے کانگریس آج ان برائیوں کے خلاف جنگ شروع کرے گی۔