احمدآباد ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کے اپنے وقت کی عظیم شخصیتوں کے ساتھ تبادلہ خیال کا عظیم تر جائزہ فراہم کرنے کی سعی میں یہاں واقع سابرمتی آشرم نے ایک کٹھن کام کی ٹھان لی ہے کہ انھیں موصولہ زائد از 8,500 مکتوبات کی تحریری نقل تیار کراتے ہوئے انھیں شائع کیا جائے۔ ’’محصلہ انشائیہ جات ِ مہاتما گاندھی‘‘ کے تحت اگرچہ گاندھی جی کی جانب سے اُن کی زندگی میں تحریر کردہ دستیاب زائد از 31 ہزار خطوط دستاویز کی شکل میں موجود ہیں، لیکن وہ مکتوبات جو انھیں وصول ہوئے جن کا انھوں نے جواب بھی دیا، انھیں ابھی تک دستاویزی طور پر محفوظ نہیں کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر سابرمتی آشرم پریزرویشن اینڈ میموریل ٹرسٹ تریدیپ شرود نے کہا کہ محققین اور فاضلین نے طویل عرصے سے یہ ضرورت محسوس کی ہے کہ گاندھی جی کو موصولہ مکتوبات اور دیگر نوعیت کی خط و کتابت باضابطگی سے تحریر میں لاتے ہوئے شائع کریں تاکہ وہ گاندھی جی کی تحریروں کو مکمل سمجھیں، ورنہ یکطرفہ سوچ ہوگی۔